منگلورو /چامراج نگر:5/اپریل(ایس اؤنیوز) منگلورو کے احمد قریشی نامی نوجوان پر پولس کے ظالمانہ رویہ کے مبینہ الزام کے متعلق ریاستی وزیر اعلیٰ سدرامیا نے معاملے کی رپورٹ منگوا کر خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا تیقن دئیے جانے کی اطلاع ریاستی کابینہ کے وزیر یوٹی قادر نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرا علیٰ چامراج نگر کے ضمنی انتخابات میں مصروف ہیں، تشہیری مہم کے دوران وزیر یوٹی قادر ، رکن اسمبلی محی الدین باوا، دکشن کنڑا ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر این ایس کریم ، تعلقہ پنچایت صدر محمد معینو وغیرہ کا ایک وفد وزیرا علیٰ سے ملاقات کرکے منگلورو معاملے کی مکمل تفصیل پیش کی ، وزیرا علیٰ نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سے مکمل رپورٹ منگواکر خاطی پولس افسران کے خلاف کارروائی کا تیقن دیا ہے ۔ موصوف وزیر نے بتایا کہ معاملے کو لے کر وزیرداخلہ ڈاکٹر پرمیشور سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بھی جانکاری دی گئی ہے، انہوں نے معاملے کی جانچ کرنے کے بعد کارروائی کا وعدہ کیا ہے۔